اہم ترین

وفاقی حکومت کی کراچی کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست

ملک بھر میں بجلی کے ہوش ربا بلوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری  ہے، تو دوسری جانب وفاقی حکومت نے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے  نیپرا کو پالیسی گائیڈ لائنز بھیج دیں ہے۔

حکومت کی جانب سے  کے الیکٹرک کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی درخواست کے ساتھ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں  4 روپے 45  پیسے تک اضافے کی درخواست کردی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی  پالیسی گائیڈ لائنز میں  کہا گیا ہے کہ پورے ملک میں بجلی کا ٹیرف یکساں رکھنے کے لیے کے الیکٹرک کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کیا جائے جب کہ 2022 -23 کی دوسری سہہ ماہی کے لیے 46 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا جائے۔ ٹیرف میں اضافے کی رقم اپریل، مئی اور جون 2023 کی ایڈجسمنٹ کے طور پر ستمبر ، اکتوبر اور نومبر میں وصول کی جائے گی۔

 وفاقی حکومت کی جانب سے نیپرا کو دی گئی دوسری درخواست میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک  صارفین سے ٹیرف ریشنلائزیشن سرچارج کی مد میں ایک روپے 48 پیسے سے 4 روپے 45 پیسے تک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر نیپرا 11 ستمبر کو سماعت کرے گی۔

پاکستان