برطانیہ میں ایک کسان نے لگ بھگ 9 کلو وزنی پیاز اگا ڈالی جسے ماہرین کی جانب سے دنیا کی سب سے وزنی پیاز کہا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں پھولوں اور سبزیوں کی ایک نمائش کے دوران گیرتھ گریفن نامی کسان نے اپنے کھیت میں اگائی وزنی ترین پیاز پیش کی۔ جس کا وزن 19.77 پاؤنڈ تھا جو لگ بھگ 9 کلو گرام بنتا ہے۔
نمائش کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ اب تک کی دنیا کی سب سے وزنی پیاز ہے کیونکہ اس سے قبل ٹونی گلوور نامی ایک کسان 2014 میں منعقدہ نمائش میں 18.68 پاؤنڈ (8 کلو 460 گرام )وزنی پیاز لایا تھا ۔ جو ایک ریکارڈ ہے۔
اس نمائش میں صرف جناتی سائز کی پیاز ہی نہیں رکھی گئی بلکہ دیگر دیوہیکل سبزیوں میں گوبھی، ککڑی اور گاجر بھی شامل ہیں۔
نمائش کے منتظمین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مختلف نوعیت کے ریکارڈز مرتب کرنے والے ادارے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو سب سے وزنی پیاز کے ریکارڈ پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔