ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں تہران ملوث نہیں تھا، لیکن اسرائیل کی فوجی اور انٹیلی جنس کی ناقابل تلافی شکست قابل تعریف ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر کئے گئے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای روایتی فلسطینی کفایہ پہنا ہواتھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان ہاتھوں کو چومتے ہیں جنہوں نے صیہونی حکومت پر حملے کی منصوبہ بندی کی ۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ” تباہ کن زلزلے (حماس کےحملے) نے کچھ اہم تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے جن کی آسانی سے مرمت نہیں ہو سکے گی، صیہونی حکومت کےخود اپنے اقدامات اس تباہی کے ذمہ دار ہیں ۔”
دو روز قبل امریکا نے کہا تھا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث ہوسکتا ہے لیکن فی الحال اس دعویٰ کی حمایت میں اس کے پاس کوئی انٹیلی جنس یا شواہد موجود نہیں۔
حماس کی کارروائی کے بعد اسرائیل کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کی باتوں پر ایران نے کہا تھا کہ اگر ایسی کوئی کارروائی کی گئی تو اسرائیل کے خلاف ان کا حملہ زیادہ کاری ہوگا۔۔