آن لائن ٹورنامنٹ ویب سائٹ “گیم بیٹلز” (Game Battles) نے 15 جنوری 2024 سے پلیٹ فارم بند کرنے کا اعلان کردیا۔
2003 میں بنائی گئی”گیم بیٹلز” (Game Battles) کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اپنے قیام کے صرف 3 سال بعد ہی اسے میجر لیگ گیمنگ (MLG ) جیسی کمپنی نے خرید لیا تھا۔۔
گیم بیٹلز کئی برسوں سے کال آف ڈیوٹی (Call of Duty)کی گیمر کمیونٹی میں انتہائی مقبول رہی ہے۔ گزشتہ 20 برسوں میں گیم بیٹلز نے ہر سطح پر گیمرز کے لیے لیگز اور ٹورنامنٹ منعقد کرائے۔
یہ پلیٹ فارم ایکٹیویژن بلیزارڈ کے لیے مختلف مقابلوں کے انعقاد سمیت اوور واچ اور کال آف ڈیوٹی کے ایونٹ کرانے کا بھی ذمہ دار تھا۔
2016 میں ایم ایل جی (MLG) کو ایکٹیویژن بلیزارڈ (Activision Blizzard ) نے لگ بھگ ساڑھے 4 کروڑ ڈالر میں خرید لیا تھا ۔ اس طرح گیم بیٹلز بھی اسی کمپنی کے ماتحت آگئی تھی۔
گیم بیٹلز کی بندش کو گزشتہ ماہ مائیکروسافٹ کی جانب سے ایکٹیویژن بلیزارڈ (Activision Blizzard ) کی خریداری کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ کیونکہ گزشتہ ہفتے ایکٹیویژن بلیزارڈ کی اوور واچ لیگ بھی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی ہے۔
گیم بیٹلز کی بندش کا اعلان ایم ایل جی کی آخری فعال شاخ کے خاتمے کا بھی عندہہ دے رہا ہے۔ پلیٹ فارم کے آپریشنز سپروائزر کرس ایونز نے تصدیق کی ہے کہ گیم بیٹلز کی پوری ٹیم کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر مطلع کردیا گیا ہے۔۔