پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کل چارٹر آف اکانومی کی بات ہورہی ہے لیکن ہم پیپلز چارٹر آف اکانومی لائیں گے۔۔
کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے سیاست شروع کی تو ملک میں آمریت تھی، انہوں نے تقسیم کی سیاست کو دفن کیا، آصف زرداری نے بھی انتقام کی سیاست کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کو ایک نئے طرز سیاست کی ضرورت ہے، چاہتا ہوں کہ سیاستدان ذاتی انا کے بجائے عوام کا سوچیں، پیپلز پارٹی نئی طرز سیاست شروع کرنا چاہتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم کے 16 ماہ کی حکومت میں خزانے کی چابی مہنگائی لیگ کے پاس تھی، وہ ناکام ہوچکے ہیں، یہ سیاست کے شوباز ہیں، مسلم لیگ اب مہنگائی لیگ کے نام سےپکاری جارہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کل چارٹر آف اکانومی کی بات ہورہی ہے لیکن ہم پیپلز چارٹر آف اکانومی لائیں گے ۔ اس مُلک میں ایسے میثاقِ معیشت کی ضرورت ہے کہ جس میں غریب اور پسماندہ طبقے کے بارے میں سوچا جائے اور اُن کی فلاح کے لیے کام کیا جائے۔۔