آج بہت سے ایسے مسافر جہاز ہیں، جو اپنی استعداد اور سہولیات کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ ایسا ہی ایک کروز شپ ان دنوں خبروں میں ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ ہے۔۔ ٹائی ٹینک سے پانچ گنا بڑے اس جہاز میں وہ آسائشیں اور سہولیات ہیں جس کے خواب امیر لوگ بھی دیکھتے ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق بیک وقت پانچ ہزار مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے رائل کیریبئین نامی اس جہاز کا حجم ایک عام سے شہر کے برابر ہے۔
دنیا کا سب سے بڑا میرین واٹر پارک
رائل کیریبئین میں ویسے تو کئی ایسی آسائشیں ہیں جنہیں دولت مند افراد بھی ایک خواب کی طرح دیکھتے ہیں۔
اس کروز شپ پر ایک بہت بڑا واٹر پارک ہے جسے دنیا کا سب سے بڑا میرین واٹر پارک قرار دیا جا رہا ہے۔ کیٹیگری 6 کے نام سے جانا جانے والے اس واٹر پارک میں 6 ریکارڈ توڑ واٹر سلائیڈز ہیں۔ واٹر پارک کے علاوہ کروز شپ میں 7 سوئمنگ پول بھی ہوں گے۔
ایکوا ڈوم واٹر فال شو
جنوری 2024 میں سمندر میں آنے کے بعد رائل کیریبین دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ بن جائے گا۔ اس 365 میٹر طویل (1200 فٹ) اور 250,800 ٹن وزنی جہاز کی لمبائی ایفل ٹاور کی اونچائی سے بھی زیادہ ہے۔
اس جہاز کو 20 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، تاکہ تفریح میں کوئی کمی نہ رہے۔ واٹر پارک کے علاوہ اس میں ایکواپارک، اسنیک بارز، بہت سارے ریستوران اور ایکوا ڈوم واٹر فال شو جیسی دلچسپ تفریحی چیزیں بھی شامل ہیں۔