مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تاحال جارہی ہے اور اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والےفضائی حملوں کے نتیجے میں اسلامی جہاد کے راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر سمیت 27 افراد شہید ہوچکے ہیں۔
شہدا میں بڑی تعداد خواتین و بچوں کی بھی جو کہ صیہونی جارحیت کا نشانہ بنے ہیں۔
خبر رساں ادارے الجزیرہ اور عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز اور اسلامی جہاد کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے،اسرائیلی فضائی حملوں میں تین کمانڈرز کی شہادت کے بعد غزہ سے 400سے زائد راکٹس فائر کیے گئے جن میں سے کچھ کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا اور کچھ اسرائیلی سرزمین پر گرے،غزہ سے داغے گئے راکٹ حملوں سے اسرائیلی سرزمین پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
تاہم، ان راکٹس حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے تازہ حملے کیے،اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر فضائی حملوں میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس میں اسلامی جہاد کے راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر علی غالی مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ اس عمارت کو راکٹس کی تیاری اور لانچنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری میں اضافہ ہوا ہے جس میں ایک کمانڈر سمیت 27افراد شہید اور 76زخمی ہوگئے،زخمیوں کو گہری چوٹیں آئی ہیں۔