اہم ترین

مسجد نمرہ : دنیا کی واحد مسجد جو ہر سال صرف ایک دن کھولی جاتی ہے

عرفات کے میدان میں واقع مسجد نمرہ دنیا کی واحد مسجد ہے جو صدیوں سے قائم ہے اور ہر سال صرف ایک ہی دن کھولی جاتی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق میدان عرفات مکہ مکرمہ سے 21 کلو میٹر دور ہے۔ حج مقامات میں میدان عرفات وہ واحد مقام ہے جو حدود حرم سے باہر ہے۔ یہیں سے ہر سال 9 ذی الحجہ کو حج کا خطبہ دیا جاتا ہے۔

اسی مسجد میں ہر سال 9 ذی الحجہ کو لاکھوں عازمین حج نبی آخر زماں صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی اتباع کرتے ہوئے ظہر اور عصر کی نمازیں ایک وقت میں قصر کر کے پڑھتے ہیں۔

یہ مسجد اس جگہ تعمیر کی گئی جہاں رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر اونٹنی پر بیٹھ کر خطبہ ارشاد فرمایا تھا۔ مسجد کا کچھ مغربی حصہ وادیِ عرنہ میں آتا ہے۔ جہاں نبی کریم نے وقوف سے منع فرمایا۔

مسجد نمرہ کو مسجد نبی ابراہیم، مسجد عرفہ اور مسجد عرنہ کے ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے۔ نبی اکرم ﷺ نے میدان عرفات سے باہر ایک گاؤں میں قیام فرمایا تھا۔ اس کے بعد آپ وہاں سے چل کر وادی عرنہ کے وسط میں پہنچے جہاں آپ نے ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں اور خطبہ حج ارشاد فرمایا۔

مسجد الحرام، مسجد نبوی اور مسجد قبا کی طرح وقت کے ساتھ ساتھ مسجد نمرہ کی بھی کئی بار توسیع کی گئی۔ اس وقت یہاں بیک وقت ساڑھے 3 لاکھ افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

اس مسجد کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دنیا کی واحد مسجد ہے جو سال مٰں صرف ایک ہی دن کھلتی ہے یعنی صرف 9 ذی الحجہ کو ۔ اس کے علاوہ یہاں باجماعت نماز کا اہتمام نہیں ہوتا۔

پاکستان