اہم ترین

عدت کیس سے بری ہونے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی نئے ریفرنس میں گرفتار

عدت نکاح کیس میں بریت کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کے ایک اور ریفرنس میں گرفتار کرلیا ہے۔

ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج افضل مجوکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلیں منظور کرتے ہوئے سزائیں کالعدم اور ملزمان کو بری کردیا تھا۔

اڈیالہ جیل سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے روبکار بھی جاری ہوگئے تھے تاہم رات کو انہیں توشہ خانہ کے نئے کیسز میں گرفتار کرلیا گیا ۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق یہ کیس 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔ گراف واچ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ کیس کا حصہ ہیں۔قانون کے مطابق تحفے اپنی ملکیت میں لیے بغیر ہی بیچے جاتے رہے۔ گراف واچ کا قیمتی سیٹ بھی ’ریٹین‘ کیے بغیر ہی بیچ دیا گیا۔ پرائیویٹ تخمینہ ساز کی ملی بھگت سے گراف واچ کے خریدار کو فائدہ پہنچایا گیا۔

نیب کے مطابق تخمینہ ساز کا توشہ خانہ سے ای میل آنے سے پہلے ہی گھڑی کی قیمت تین کروڑ کم لگانا ملی بھگت کا ثبوت ہے۔ گراف واچ کی قیمت 10 کروڑ نو لاکھ 20 ہزار روپے لگائی گئی۔ 20 فیصد رقم، دو کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہر تحفے کو پہلے رپورٹ کرنا اور توشہ خانہ میں جمع کروانا لازم ہے۔ صرف 30 ہزار روپے تک کی مالیت کے تحائف مفت اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں۔

پاکستان