اہم ترین

مودی کا ہندوتوا نظریہ مسترد، کرناٹک میں بی جے پی کو بدترین شکست

بھارتی ریاست کرناٹک میں ہونے والے انتخابات میں عوام نے مودی سرکار کے ہندوتوا نظریئے کو مسترد کردیا، ریاستی انتخابات میں کانگریس نے کلین سوئب کرتے ہوئے انتہاپسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کو تاریخی شکست سے دوچارکردیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست میں ہونے والے انتخابات میں اب تک کے نتائج کے مطابق کانگریس 130 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے جب کہ انتہا پسند وزیر اعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی  کو اب تک صرف 66 نشستیں ملی ہیں۔ بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعدا و شمار کے مطابق انتخابات میں ڈی ایس پارٹی 22 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹک میں کل نشستوں کی تعداد 224 ہے اور وزیر اعلی کے لیے 113 نشستوں کا ہونا لازمی ہے۔ تاہم، اب تک کی گنتی کے حساب سے کانگریس 130 نشستوں پر فتح حاصل کرچکی ہے۔ اور اسے ریاست میں اپنا وزیر اعلی بنانے کے لیے کسی اتحادی کی ضرورت نہیں ہے۔

تاریخی فتح کے بعد کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ہماری فتح کرناٹک میں عوام کی فتح ہے ریاست میں نفرت اور مذہبی منافرت کا بازار بند ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ انتہا پسند بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابی مہم میں اپنی تقریروں میں ایک بار پھر ہندوتوا نظریئے کا پرچار کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی تاہم عوام نے انہیں یکسر مسترد کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دیے جو اس بات کا اظہار ہے کہ ریاست کے عوام اب نفرت نہیں بلکہ محبت کو پھیلانا چاہتے ہیں۔

پاکستان