اہم ترین

حکومت کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں، بیٹھیں اور بات کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز ملک سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ مانتے ہیں کہ بجلی کا بہت بوجھ ہے لیکن یہ وقت کے ساتھ ختم ہوگا، ماہانہ 200 یونٹ تک کے صارفین کا ہم تحفظ کریں گے، اس سے اوپر والے خود اپنا بوجھ اٹھائیں۔ہم نے پی ایس ڈی پی سے پیسے نکال کر 86 فیصد غریبوں کو ریلیف دیا، ملک ایسے ہی چلتا رہا تو برباد ہوجائے گا۔

عمران خان اور پی ٹی آئی کو تقندی کا نشانہ بناتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ کپتان نے کہا فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، چیلوں نے کہا لبیک، پھر کپتان نے کہا کہ نیوٹرل تو جانور ہے، چیلوں نے کہا لبیک، کپتان نے کہا چیف تو باپ ہوتا ہے، چیلوں نے کہا لبیک۔ کپتان نے کہا باپ تو میر جعفر ہے، چیلوں نے کہا لبیک، کپتان نے کہا قبر تک پیچھا کریں گے، پھر 9 مئی ہو گیا، یہ دیوانے ہیں، پاگل ہیں یا بہروپیے ہیں؟

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں آئیں، بیٹھیں سلجھائیں، آپ کہتے ہیں ملک گیر پہیہ جام کریں گے، آج آپ جو ادھم مچا رہے ہیں، وہ آپ اپنے بچوں کے مستقبل کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، ہمیں ہٹانا ہے ہٹا دیں، آپ نے پیپلز پارٹی کی حمایت سے حکومت کیوں نہیں بنائی؟ ایسا اس لئے کیا گیا کیونکہ آپ کا مقصد معاملات سلجھانا نہیں بلکہ الجھانا تھا۔

مصدق ملک نے مزید کہا کہ مہنگائی کی مجموعی شرح پچھلے سال 38 فیصد تھی، مہنگائی کی شرح میں آہستہ آہستہ کمی آرہی ہے۔

پاکستان