خطے کے دیگر ممالک کے طرح ایران بھی ان دنوں غیر متوقع طور پر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ جس کے پیش نظر اتوار کے روز ملک بھر کے تمام سرکاری ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے جنوب میں بعض علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا پہنچا ہے جب کہ دارالحکومت تہران میں ہفتے کے روز درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔
شدید گرمی کے باعث ایران میں بجلی کا استعمال ریکارڈ بلند ترین سطح پر جاپہنچا ہے۔۔ 24 جولائی کو ملک بھر میں بجلی کی کھپت 79 ہزار 189 میگاواٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
ایران میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی تیوانیر نے اعلان کیا کہ وہ ضرورت سے زیادہ کھپت کو پورا نہیں کر سکتی۔
ایرانی حکومت کی اطلاعاتی کونسل کے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ملک بھر میں جاری شدید گرمی کے باعث صحت عامہ کے تحفظ اور توانائی کے استعمال کو منظم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق ہنگامی اور امدادی خدمات کے علاوہ ملک بھر کے تمام سرکاری ادارے اور بینک اتوار کو بند رہیں گے۔