ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ 9 مئی سے متعلق فوج کے مؤقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی آئےگی۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا ناگزیر ہے۔ افواج پاکستان حق خود ارادیت کی منصفانہ جد وجہد میں مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ 7 ماہ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 139 بہادر افسران اور جوانوں نے جام شہات نوش کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملک کے داخلی اور سرحدی تحفظ کو یقینیبنانے کے لیے کس قدر مصروف عمل ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف منظم پراپیگنڈے اور جھوٹی خبروں میں اضافہ ہوا ہے، بڑھتے جھوٹ اور پراپیگنڈے کے پیش نظر ہم نے تواتر سے پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی دیتے رہنا ضروری ہے۔فوج کسی خاص سیاسی سوچ اور پارٹی کو لے کر نہیں چل رہی۔