کراچی سے تعلق رکھنے والے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیم کا نائب کہتان مقرر کردیا گیا ہے۔۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان رواں ماہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک شیڈول ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ وائٹ بال کے برعکس رید بال کرکٹ میں شان مسعود بدستور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہیں گے جب کہ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گِلیسپی کی پاکستان کے ریڈ بال فارمیٹ میں ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے میں شامل امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی ( انجرڈ )، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر (انجرڈ )، نعمان علی اور ساجد خان اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔