پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو شریعت اور آئین کو نہیں مانتے، ہم انہیں پاکستانی نہیں مانتے۔
اسلام آباد میں قومی علماء کنونشن سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی، یہ ملک قائم رہنے کے لیے بنا ہے، اس ملک پر لاکھوں عاصم منیر، سیاستدان اور علما قربان ہیں۔کسی نے پاکستان میں انتشار کی کوشش کی تو ہم اُس کے آگے کھڑے ہوں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلایا جاتا ہے، کسی کی ہمت نہیں جو رسول پاکﷺ کی شان میں گستاخی کرسکے،جو شریعت اور آئین کو نہیں مانتے، ہم انہیں پاکستانی نہیں مانتے۔ جو کہتے تھے ہم نے 2 قومی نظریے کو خلیج بنگال میں ڈبو دیاوہ آج کہاں ہیں؟۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 40 سال سے زیادہ عرصے تک لاکھوں افغانیوں کی مہمان نوازی کی، خوارج ایک بہت بڑا فتنہ ہیں، فتنہ خوارج کی خاطر اپنے ہمسایہ برادر اسلامی ملک سے مخالفت نہ کریں۔ علما کو چاہیے کہ وہ اعتدال پسندی کو واپس لائیں، فساد فی الارض کی نفی کریں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام نے بہت قربانیاں دیں، ہم پختون بھائیوں اور خیبرپختونخوا کے عوام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔