پاکستان کو 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل دلانے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم پر نقد انعامات کی بارش کردی گئی ہے۔۔
سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کو صوبائی حکومت کی جانب سے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپک ریکارڈ بھی بنایا ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ارشد ندیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم اولمپکس ریکارڈ بنا کر پاکستان اور اولمپکس کی تاریخ میں امر ہوگئے، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کیلئے تاریخ میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔