اہم ترین

لاوا پک چکا ،صرف ایک تیلی کی ضرورت ہے اور سب تباہ ہو جائے گا: عمران خان

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے پی ٹی آئی کو اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں نہیں دیں تو ان کی جماعت سڑکوں پر تحریک چلانے کے لئے تیار ہے۔

بی بی سی کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کرکے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے تاکہ چیف جسٹس قاضی فائر عیسیٰ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کر سکے۔

عمران خان نے کہا کہ بنگلا دیش میں مستعفی ہونے والی وزیراعظم شیخ حسینہ نے بھی اپنی مرضی سے آرمی چیف، چیف جسٹس اور پولیس چیف لگائے ہوئے تھے۔ پاکستان کے حالات بنگلا دیش سے زیادہ برے ہیں۔

بانی پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قوم انتظار کر رہی ہے، لاوا پک چکا ہے، صرف ایک تیلی کی ضرورت ہے اور سب تباہ ہو جائے گا۔ حکومت جو مرضی کر لے پاک فوج اپنے ملک کے عوام پر کبھی گولی نہیں چلائے گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو جب معلوم ہوتا ہے کہ میرا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے تو ان کی ٹانگیں کانپ جاتی ہیں، حالانکہ میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ کوئی بات چیت ہو رہی ہے۔ انھوں نے محمود خان اچکزئی کو ملک کے دیگر سیاستدانوں سے مذاکرات کرنے کا اختیار دیا ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کسی سے مذاکرات نہیں کرے گی۔

پاکستان