اہم ترین

چینی ویڈیو گیم ‘بلیک متھ’ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

چینی کمپنی کا تیار کردہ ویڈیو گیم “بلیک متھ: ووکونگ” ملک کی کامیاب ترین مصنوعات میں سے ایک ہوگئی ہے۔ جس کی لانچ ہونے کے 3 دن میں دنیا بھر میں ایک کروڑ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔

فرانس 24 کے مطابق بلیک متھ گیم کے ایکس اکاؤنٹ میں کی گئی پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ چینی وقت کے مطابق جمعے کی رات 9 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کی شام 6 بجے ) تک تمام پلیٹ فارمز پر مجموعی طور پر ایک کروڑ کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

ایکشن گیم بلیک متھ کو منگل کو عالمی سطح پر ریلیز کیا گیا تھا۔ کسی بھی ویڈیو گیم کی مقبولیت کو گیمنگ پلیٹ فارم اسٹیم پر اس کے کھلاڑیوں کی تعداد سے پرکھا جاتا ہے۔ 3 روز میں وہاں اس کی 12 لاکھ پری ریلیز کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔

اس طرح بلیک متھ نے گزشتہ برس (مئی 2023) میں ریلیز کئے گئے “دی لیجنڈ آف زیلڈا: ٹیرز آف دی کنگڈم” کو ٹکر دے دی ہے ۔ اس کی بھی ریلیز کے ابتدائی 3 روز میں ایک کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔

سولہویں صدی میں لکھے ناول ’جرنی تو دی ویسٹ‘ سے متاثر ہوکر بنائے گئے اس ویڈیو گیم کو اس کی اعلیٰ تیکنیک کی بنا پر چین کا ٹرپل اے گیم قرار دیا جارہا ہے۔

یورپ سے تعلق رکھنے والے کچھ گیمرز نے شکایت کی ہے کہ گیم کے شریک پبلشر ہیرو گیمز نے غیر ملکی اسٹریمرز کو رہنما خطوط بھیجے ہیں جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کورونا وبا یا حقوق نسواں جیسے موضوعات پر بات کرنے سے گریز کریں۔

پاکستان