بالی ووڈ کے مسٹر کُول جان ابراہم کی فلم ‘ویدا’ 15 اگست کو ریلیز ہوئی لیکن بری طرح ناکام ہوگئی۔ اب جان ابراہم نے اپنی فلم کی باکس آفس پر ناکامی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جان ابراہم ڈیڑھ سال بعد اپنی فلم ‘ویدا’ سے اسکرین پر واپس آئے ہیں۔ اس سے قبل اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ 2023 کی فلم ‘پٹھان’ میں نظر آئے تھے۔ جان کی فلم ‘ویدا’ 15 اگست کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی لیکن اسے شائقین کی جانب سے زیادہ پذیرائی نہیں ملی۔
فلم کی ریلیز کے بعد انٹرویو میں جان ابراہم نے کہا فلم کی کامیابی اور ناکامی سے زیادہ اہم وہ پیغام ہے جو آپ اپنی فلم کے ذریعے شیئر کر رہے ہیں۔ اگر لوگ مشکل موضوعات پر بننے والی فلمیں دیکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تو یہ ان کی پسند ہے۔ میں اس کا احترام کرتا ہوں۔ لیکن آپ کو آخر میں اس موضوع کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جان ابراہم نے کہا کہ ہمارے اداکاروں نے شاندار اداکاری کی۔ سینماٹو گرافی سے لے کر ایکشن تک ہر شعبے نے بہترین کارکردگی دکھائی ۔ لوگوں کو اسکرپٹ میں شکایت کا موقع ملا اور یہ ٹھیک ہے۔ ہم سب کے نکتہ نظر کا احترام کرتے ہیں لیکن ہمیں فخر ہے کہ ہم نے ایک اچھی فلم بنائی ہے۔
جان ابراہم اسٹارر فلم ‘ویدا’ کو نکھل اڈوانی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس سے پہلے جان نے نکھل کی فلم بٹلہ ہاؤس میں بھی کام کیا تھا۔ ‘ویدا’ کی اسٹار کاسٹ کے بارے میں بات کریں تو فلم میں جان کے ساتھ شروری واگھ مرکزی اداکارہ کے طور پر نظر آئی ہیں۔ تمنا بھاٹیہ اور ابھیشیک بنرجی بھی اہم کرداروں میں ہیں۔