اہم ترین

موبائل فون کا بےجا استعمال دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتا ہے: تحقیق

بین الاقوامی ماہرین نے اپنی نئی تحقیق میں خبردار کیا ہے کہ موبائل فون کا بےجا استعمال دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔

کینیڈین جرنل آف کارڈیالوجی میں شائع ہونے والی تحقیق میں شامل محققین نے یو کے بائیو بینک میں ایسے 4 لاکھ 44 ہزار 27 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جنہیں ماضی میں کبھی دل کی کوئی بیماری لاحق نہیں تھی۔

یوکے بائیو بینک ایک وسیع پیمانے پر کیا گیا مطالعہ ہے جس میں 2006 سے 2010 تک انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے 22 تشخیصی مراکز نے 37 سے 73 سال کی عمر کے 15 لاکھ افراد کے طبی ریکارڈ کو سوالناموں، انٹرویوز ، جسمانی پیمائش اور خون کے نمونوں کی مدد سے مرتب کیا گیا۔

تحقیق میں شامل افراد کے 2006 سے 2010 کے درمیان اپنے موبائل فون کے استعمال کی فریکوئنسی کے بارے میں معلومات فراہم بھی کیں۔

تحقیق اور تجزیے کی مدد سے ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ موبائل فون کے استعمال کا دورانیہ دل کی بیماری، فالج اور دیگر بیماریوں کے خطرے سے براہ راست تعلق رکھتا ہے۔

ماہرین نے ریکارڈ کیا کہ موبائل فون کے استعمال کا اوسط وقت بیماریوں کے لاحق ہونے کے خطرات پر 2.25 سے 11.50 فیصد تک اثر انداز ہوتا ہے۔

نتائج میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون کا باقاعدگی سے استعمال دل کی بیماریوں کا خطرہ بہت زیادہ بڑھا سکتا ہے، سگریٹ نوشی کرنے والوں اور ذیابیطس کے مریضوں میں اس کے امکانات کئی گنا زیادہ ہوتے ہیں۔

تحقیقی مطالعے کے مصنف ڈاکٹر ژیان ہوئی کن نے بتایا کہ موبائل فون کی ریڈیو فریکوئنسی برقی مقناطیسی میدان پیدا کرتی ہیں ۔ یہ ہمارے جسمانی اعضا خاص طور پر دل اور خون کی شریانوں کے پیچیدہ نظام کی روانی میں خلل ڈال سکتے ہیں۔

پاکستان