اہم ترین

شہباز شریف نے بشریٰ بی بی کا سعودی عرب سے متعلق بیان پاکستان دشمنی قرار دے دیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا سعودی عرب سے متعلق بیان پاکستان دشمنی قرار دے دیا۔

تونسہ شریف میں کچھی کینال کی بحالی کے منصوبے کے افتتاح کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا بھائی اور برادر ملک ہے ۔جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے عوام اور حکومتوں کی ہر محاذ پر بھرپور مالی، سفارتی اور عالمی حمایت کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح ایک بھائی دوسرے بھائی کی مدد کرتا ہے سعودی عرب نے ویسے ہی ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہےاور بدلے میں کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

بشریٰ بی بی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انتہائی شفیقانہ رویہ رکھنے والے بھائیکے خلاف زہر اگلا جائے تو وہ کیا کہیں گے کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور سیاستدان کیسے ہیں کہ دل میں ہمارے لیے اچھے جذبات رکھنے کے بجائے ایسا زہر آلود بیان دے رہے ہیں اور معاشرے میں ایسا زہر گھول رہے ہیں۔ اس فطرت کے لوگوں کو اندازہ نہیں ہے کہ پاکستان کو اس بیان کا کتنا نقصان ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی حکومت پر ایسا الزام لگایا گیا جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی میں رکاوٹ بننے والے ہاتھوں کو قوم اپنے ہاتھوں سے توڑ دے گی۔

پاکستان