افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت میں کھیلے جارہے اکلوتے ٹیسٹ کو مسلسل بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ نے دھو ڈالا ہے۔ اب خدشہ ہوگیا ہے کہ میچ ایک بھی گیند کرائے بغیر ہی ختم ہوسکتا ہے۔
افغانستان نے بھارت کے مختلف میدانوں کو ٹیسٹ میچز کے لئے اپنا ہوم گراؤنڈ بنارکھا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا اکلوتا میچ بھارت کے گدیٹر نوائیڈا کرکٹ گراؤنڈ میں جاری ہے۔
میچ کے تین دن ہوچکے ہیں لیکن اب تک نہ تو ایک بھی گیند کرائی گئی ہے اور نہ ہی کھیلی گئی ہے۔ موسم کا حال دیکھتے ہوئے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ لگتا ہے یہ میچ ایک بھی گیند کرائے بغیر ہی ختم ہوجائے گا۔
گراؤنڈ کی خراب آؤٹ فیلڈ اور سہولیات کے فقدان پر پہلے افغانستان نے بڑے سوال اٹھائے تھے لیکن اب افغانستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے یو ٹرن لے لیا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ جس میں لکھا ہے کہ ’’ہم نے بھارت مین تین آپشنز کے بارے میں سوچا تھا۔ دہرادون، لکھنؤ اور گریٹر نوئیڈا۔ لیکن بدقسمتی سے لکھنؤ اور دہرادون بی سی سی آئی کے ڈومیسٹک میچوں کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے۔ اس کے ساتھ یو اے ای میں گرم موسم کی وجہ سے ٹیسٹ میچ کھیلنا مشکل ہو جاتا۔ نیوزی لینڈ کا بھی مصروف شیڈول ہے۔ اس وجہ سے ہم نے گریٹر نوئیڈا کا انتخاب کیا۔ بھارت میں بارش کا موسم جاری ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے ڈومیسٹک میچز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
افغان بورڈ نے پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ہم موسم کو کنٹرول نہیں کر سکتے۔ بی سی سی آئی نے ہمارے لیے اضافی مشینری فراہم کی ہے۔ گراؤنڈ کو کھیلنے کے لیے موزوں بنانے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی افغان میڈیا نے گریٹر نوئیڈا اسٹیڈیم کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔ جس میں آؤٹ فیلڈ کو خشک کرنے کے لیے بجلی کے پنکھے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔