چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے تیاریوں اور سیکیورٹی انتظامات کے معائنے کے لئے آیا آئی سی سی کا پانچ رکنی وفد پاکستان کا دورہ مکمل کرکے واپس دبئی چلا گیا۔
چار روز قیام کے دوران وفد نے کراچی، راولپنڈی اور لاہور کے اسٹیڈیم کا وزٹ کیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سمیت حکام سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران آئی سی سی نے ہوٹل مینجمنٹ اور سیکیورٹی افسران سے بریفنگ بھی لی۔
پانچ رکنی وفد کی قیادت جنرل مینجر آئی سی سی وسیم خان کررہے تھے۔ سینیئر ایونٹ مینجر سارہ ایڈگر اور ایونٹ مینیجر عون زیدی بھی وفد میں شامل تھے۔ سیکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر اور پروڈکشن کنسلٹنٹ منصور منج بھی وفد کا حصہ تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو 30 دسمبر تک تیاریاں مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
واضح رہے کہ آئندہ برس کے شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے تاہم بھارت نے اب تک پاکستان آنے کی حامی نہیں بھری۔