اہم ترین

خراب پرفارمنس: بابر، شاہین کو انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے کا امکان

مسلسل خراب پرفارمنس کے باعث بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ سے ڈراپ کئے جانے کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا بلا گزشتہ کئی ماہ سے رنز نہیں اگل رہا ۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی بھی بولنگ کے شعبے میں وہ کارکردگی نہیں دکھاپارہے جو ان کا خاصا رہا ہے۔

بابراعظم نے دسمبر 2022 کے بعد سے اب تک ٹیسٹ فارمیٹ میں نصف سنچری بھی اسکور نہیں کرسکے ہیں۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی بھی انتہائی پست رہی ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز جاری ہے۔ پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر سے شروع ہو گا۔

انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کرنے کی سفارش کردی ہے۔

کرکٹ سے متعلق نیوز ویب سائیٹ کرکٹ انفو کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی ہے ۔ جس میں کمیٹی کے ارکان کی اکثریت نے آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا مشورہ دیا گیا۔

اجلاس میں نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا عمل رواں سیریز کے اختتام تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان