اسرائیلی فوج نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کے جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
فرانس 24 کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 3 ہفتے پہلے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں کئے گئے حملے میں حزب اللہ کی ایگزیکیٹو کونسل کے سربراہ ہاشم صفی الدین اور حزب اللہ کے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ علی حسین حزیمہ دیگر حزب اللہ کمانڈرز کے ہمراہ مارے گئے ہیں۔
صیہونی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ضاحیہ میں اسرائیلی فضائیہ نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر حزب اللہ کے مرکزی ہیڈکوارٹر پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہاں 25 اہم ترین لوگ موجود تھے ، جن میں حزب اللہ کے فضائی انٹیلی جنس معلومات کے انچارج بلال صیب عیش بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ حملے کے بعد حزب اللہ کے ایک اعلیٰ سطح ذریعے نے کہا تھا کہ ہاشم صفی الدین سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔