نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے تیس سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں چھپے ہوئے ہیں۔ ان دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک غیر ریاستی عنصر بنتی جارہی ہے اورعمران خان گزشتہ ایک سال سے اعلی فوجی قیادت کے خلاف مسلسل ہرزہ سرائی کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے نو مئی کو عسکری و فوجی املاک کو نقصان پہنچایا، ایسا لگتا ہے کہ جیسے اس ملک میں عمران خان کے لیے کوئی قانون ہی نہیں ہے۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق فوجی عمارات پر حملہ کرنے والے تیس سے 40 ملزمان زمان پارک میں روپوش ہیں۔ اور جناح ہاؤس پر حملے کے دوران یہ ملزمان زمان پارک سے رابطے میں تھے۔ پی ٹی آئی اگلے 24 گھنٹوں میں زمان پارک میں چھپے دہشت گردوں کو قانون کے حوالے کرے ۔