ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ایک بار پھر فلسطینیوں کی حمایت میں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے عزم کا اعاہ کیا ہے۔
پیرو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے دوران نیوز کانفرنس میں انور ابراہیم نے ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا کا اسرائیل کے حوالے سے اپنا موقف برقرار ہے اسرائیل اقوام متحدہ کی رکنیت کے تناظر میں ایک ملک کے طور پر موجود ہے لیکن ہم پھر بھی اس ملک کو سرکاری طور پر تسلیم نہیں کرتے۔
ملائیشین وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملائیشیا واحد ملک تھا جس نے اے پی ای سی اجلاس میں فلسطین کے خلاف اسرائیل کے بڑھتے ہوئے تشدد کے بارے میں سوالات اٹھائے۔ اگر کسی قوم کے حقوق سے انکار کیا جاتا ہے تو ہم معیشت اور آزاد تجارت کے بارے میں کیسے بات کر سکتے ہیں۔ یہ انصاف کا معاملہ ہے۔ ملائیشیا جہاں بھی ضرورت پڑے گی فلسطینی عوام کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
گزشتہ برس 7 اکتوبر سے اسرائیل کی غزہ میں جاری کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار 764 افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ جن میں 16 ہزار 765 بچے بھی شامل ہیں۔