پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم کسی صوبے میں گورنر راج اور سیاسی جماعت پر پابندی کی حمایت نہیں کرتے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں ہونے والے جلسوں سے ورچول خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2013 تک پیپلز پارٹی دور میں انقلابی اصلاحات لائی گئیں لیکن یہ سب کچھ قوتوں کو پسند نہیں آیا، پیپلز پارٹی پر حملے کیے گئے اور یہ سب پی ٹی آئی کو جگہ دینے کے لیے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہوتی ہے۔ ہم نے اپنے اعتراضات ایک طرف رکھے، جمہوریت کےلیے آگے بڑھے ۔ ہمارا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ جمہوری کردار ادا کیا ہے، اگر ہمیں ملک کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی استحکام قائم کرنے کی کوشش کریں، اس راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے جو جمہوری اور سیاسی کردار ادا نہیں کررہی۔