دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح سعودی عرب میں بھی بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد گاڑی چلا سکتے ہیں لیکن وہ ایسا صرف چند شرائط پر عمل کرکے ہی کرسکتے ہیں۔
سعودی عرب کے ٹریفک پولیس حکام نے ایکس پر پوچھے گئے سوالات کے جواب میں غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کارآمد ہونے کی شرائط بتائی ہیں۔
ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس اسی وقت فعال تصور کیا جائے گا جب اس کی تصدیق اور توثیق سعودی عرب کے متعلقہ مصدقہ ادارے سے کرائی گئی ہو۔
غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس زیادہ سے زیادہ ایک سال یا اس کی مدت مکمل ہونے تک ہی کارآمد ہوگا۔ اس دوران ملک کے قانون کے تحت آپ کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانا ہوگا۔لائسنس جس کیٹگری کی گاڑی کےلیے بنوایا گیا ہے، ڈرائیور اسی نوعیت کی گاڑی چلاسکتا ہے۔
خلیجی ممالک کے اتحاد (جی سی سی ممالک) کے ڈرائیونگ لائسنس سعودی عرب میں ایکسپائر ہونے تک ڈرائیونگ کے لیے قابل قبول ہوں گے ۔ البتہ جی سی سی ممالک کے جاری کردہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کارآمد نہیں ہوں گے۔