اہم ترین

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوام کو بہتر پبلک ٹرانپسورٹ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، شرجیل میمن

سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سندھ کے عوام کو پُرسکون اور آرام دہ پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے تمام شہروں اور اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ سروسز کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ صوبائی حکام کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے یوٹونگ ماسٹر کمپنی کی جانب سے لانچ کی گئی نئی بس کی تعارفی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر شرجیل میمن نے یوٹونگ ماسٹر کمپنی کی صوبے میں موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک کو توسیع دینے کے لیے ان کے پلانٹ سے تیار ہونے والی تمام بسیں خریدے۔

نجی ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب میں صوبائی وزیر کو یوٹونگ ماسٹر کمپنی کے نمائندوں کی جانب سے ڈیزل الیکٹرک ہائی برڈ بس کی چابی پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیئے : حکومتِ سندھ کا ایک اور قابل تحسین اقدام، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی ہدایت

صوبائی وزیر نے پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے معیار کو بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے الیکٹرک بس سروس متعارف کرائی ہے۔ اور اس منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ جب کہ صوبے میں خواتین کے مختص پنک بس سروس بھی شروع کی گئی ہے۔ جس سے روزانہ ہزاروں خواتین مستفید ہورہی ہیں۔۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت محنت کش طبقے کو سستی، آرام دہ اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ترین بسیں لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ اور پیپلز بس سروس کا کرایہ موٹر سائیکل پر سفر کرنے سے سستا ہے۔ گزشتہ دنوں پیپلز بس سروس کی بسوں میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے بارے میں شرجیل میمن نے کہا کہ یہ کارروائیاں عوام کو ان کی نئی ٹرانسپورٹ سہولیات سے محروم کرنے اور ٹیکس دہندگان کے پیسے کو ضائع کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ بسوں کو نقصان پہنچانے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یہ بسیں محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی خدمت  کے لیے ہیں، پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ جیسے پُرآسائش محلات میں رہنے والوں کی شر انگیزی کے لیے نہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ان بسوں کو نشانہ بنانے کے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی مصنوعی طور پر پھولے ہوئے غبارے کی مانند ہے، پی ٹی آئی میں داخل ہونے والے لوگ اب پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی اے خود ملوث تھے، اس لیے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے  نے میڈیا کو بتایا کہ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر زمین پر غیر قانونی قبضے  میں ملوث ہے اور اس زمین کو حکومت کی جانب سے وا گذار کرایا جائے گا۔

شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا اس زمین پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے لیے ایک بس ڈپو تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضروریات کے مطابق مناسب زمین پر اضافی بس ڈپو بنائے جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بدتمیزی کے کلچر کو ختم کیا جائے اور عوام میں باہمی احترام، شائستگی اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینا شروع کیا جائے۔

پاکستان