سابق گورنر سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی کی بنیادی رُکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب اور تحریک انصاف کو اللہ حافظ کہتا ہوں۔
نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار ہونے والے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو انسداد دہشت گردی عدالت سے 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر رہا کردیا گیا۔
سابق گورنر سندھ نے رہائی کے بعد کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان میں سے ہوں۔ اور آج عمران خان کے گرد بیٹھ کر انہیں مشورہ دینے والوں کو سوچنا چاہیئے۔ یہ میری آخری سیاسی پریس کانفرنس ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت اور تمام عہدوں سے استعفی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میری سیاست ختم ہوئی یا نہیں اس بات کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا۔ خان صاحب، آپ کو اور پاکستان تحریک انصاف کو اللہ حافظ کہتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک کی تحقیقات میں ثابت نہیں ہوا کہ ان واقعات میں کون ملوث تھا۔ تاہم، نو مئی کو رونما ہونے والے واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیئے۔