اہم ترین

بہت جلد ایک سرپرائز دوں گا، میرے بعد شاہ محمود قیادت کریں گے، عمران خان

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے  کہا ہے کہ فوج سے میری کوئی لڑائی نہیں ہے،  جلد ہی یہ دور بھی ختم ہوجائےگا، جلد ہی بہت بڑا سرپرائز دوں گا۔

صحافیوں سے گفت گو میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگرمجھے نا اہل کردیا گیا تو اس صورت میں شاہ محمود قریشی جماعت کی قیادت کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار کارکنان کی رہائی کے لیے وکلاء سے مشاورت جاری ہے،  جلد ہی عدالتوں سے رجوع کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے گرفتار کرنے، قتل کرنے یا نا اہل کروانے کی منصوبہ بندی  کا علم ہے اور ایسی صورت حال میں پرویز خٹک  اور شاہ محمود قریشی  پارٹی کے معاملات دیکھیں گے۔  پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس دوران کچھ بے نقاب ہوئے ہیں تو کچھ کی مجبوریاں سامنے آئی ہیں اور مستقبل میں مراد سعید ایک بڑے رہنما کے طور پر سامنے آئیں گے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ  موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ انتخابات کے بغیر ملکی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ پی ٹی آئی کے لیے بہترین سرمایہ نوجوان ہیں  اور آئندہ انتخابات میں ٹکٹ ملنا ان کا حق ہے  اور اس الیکشن میں فتح پاکستان تحریک انصاف کو ہی ملے گی۔  آپ آج ہی ریفرنڈم کروا لیں  نتیجہ سب کے سامنے آجائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت ہمارے خلاف یہ سب کیا گیا، جب ہم عوامی حمایت سے جیت رہے تھے تو پھر ہم توڑ پھوڑ کیوں کرتے،  میں آج بھی حلفیہ کہتا ہوں کہ کبھی تشدد یا توڑ پھوڑ کا نہیں کہا۔ جب مجھے گولیاں لگے پر توڑ پھوڑ نہیں ہوئی تو پھر اب کیسے ممکن تھا؟

پاکستان