آج ملک بھر میں یوم تکبیر منایا جارہا ہے، یہ وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان تمام تر دباؤ کے باجود ایٹمی دھماکے کرکے دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ناقابل تسخیر جوہری طاقت بنا۔
28مئی 1998 پوری امت مسلمہ اور پاکستانیوں کے فخر کا دن ہے۔ اس دن پاکستان کے جوہری سائنس دانوں نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں جوہری تجربہ کرکے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔
پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں سابق وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کے کردار کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ اور ان کا یہ بیان تاریخ کا حصہ ہے جس میں انہوں نے عالمی طاقتوں کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ” ہم گھاس کھالیں گے لیکن ملک کو ایٹمی قوت بنائیں گے کیونکہ اب ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔
یوم تکبیر کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں آج شام لبرٹی چوک پر مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس سے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز خطاب کریں گے۔ تقریب میں آتش بازی کا شان دار اور قابل دید مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
یوم تکبیر کے موقع پر بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی گلوکار راجہ ریپ اسٹار نے اپنا نیا نغمہ” ہم سب پاکستان ہیں” جاری کردیا ہے۔
مذکورہ قومی نغمے میں پاک فوج کے کارناموں اور ملک کے لیے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کھیل، شوبز، سیاست اور سماجی شعبوں میں قوم کی خدمت کرنے والی نمایاں شخصیا ت کو بھی دکھایا گیا ہے۔