اہم ترین

ایک ماہ میں دو سرابھارتی فوجی طیارہ حادثے کا شکار

بھارتی فضائیہ میں  ایک عرصے تک مگ21  طیارے حادثے کا شکار ہوتے رہے لیکن  ایک ماہ میں دوسری مرتبہ تباہ ہونے والے فضائیہ کے  تربیتی جہاز نے  ایئر فورس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیے ہیں۔

بھارتی ذرایع ابلاغ کے مطابق معمول کی تربیتی پرواز پر مامور طیارہ  ” کرن” بنگلور سے 136 کلومیٹر فاصلے پر موجود  ضلع چامراج نگر میں گر کر تباہ ہوگیا۔

سورت گڑھ سے اڑان بھرنے والے اس جہاز  میں زیر تربیت پائلٹ اور سینیر انسٹرکٹر  سوار تھے ۔ حادثے کے وقت طیارے کا کنٹرول تربیتی پائلٹ کے پاس تھا۔

ترجمان بھارتی فضائیہ کے مطابق اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی جہاز کا  کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔  جس کے بعد طیارے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا گیا  اور چامراج نگر کے میدانی علاقے سے جہاز کا ملبہ مل گیا جو آگ لگنے کی وجہ سے مکمل طور پر جل چکا تھا۔  دونوں پائلٹس نے دوران پرواز طیارے میں خرابی پیدا ہونے کے بعد پیرا شوٹ کی مدد سے  طیارے سے باہر چھلانگ لگادی تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جب کہ زخمی ہونے والے دونوں پائلٹس کو  معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ میں طیاروں کے حادثے معمول بن چکے ہیں اورگزشتہ ماہ 8 مئی کو لڑاکا طیارہ مگ 21 راجھستان میں  ایک جھگی پر گر گیا  تھا جس کے نتیجے میں ایک شیر خوار بچے  سمیت 3 خواتین ہلاک ہوگئیں تھی۔ جب کہ پائلٹ نے پیراشوٹ سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچالی تھی۔

پاکستان