بھارت میں ریاست اُڑیسہ کے ضلع بالاسور کے بہاگا نا اسٹیشن پر 12841 کورو منڈل ایکسپریس پٹری سے اترنے کے بعد لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مسافربردار ٹرین مغربی بنگال کے شالیمارریلوے اسٹیشن سے چنئی سینٹرل اسٹیشن کی طرف جا رہی تھی، ابتدائی طور پر 30 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی تھیں جب کہ 300 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ تاہم ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تین یونٹس، 60 ایمبولینسوں سمیت ڈاکٹرز اور رضاکاروں کی ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔
وزیر ریلوے اشونی وشنو بدقسمت ٹرین حادثے میں مرنے والوں کے لیے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لیے 2 لاکھا ور معمولی زخمی ہونے والے مسافروں کے لیے 50 ہزار فی کس معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی صدر درو پادی مرمو اور کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے ریل حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرنے والوں کی آتما کی شانتی کے لیے دعا کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ کے قریب ایک اور ٹرین بھی پٹڑی سے اتر گئی ہے۔