اہم ترین

افغان صوبے بدخشاں کے گورنر قاتلانہ حملے میں جاں بحق

آج ہونے والی دہشت گردی کی ایک واردات میں افغان صوبے بدخشاں کے نگران گورنر مولوی نثار احمد احمدی ڈرائیور سمیت جا ں بحق ہوگئے ہیں۔

افغان خبر رساں ادارے طلوع نیوز کے مطابق گورنر بدخشاں کی کار کو بم دھماکے سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک اہم اجلاس میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ غیر متوقع طور پر ہونے والا حملہ اتنا شدید تھا کہ ان کے محافظوں کو بھی سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

ترجمان گورنر ہاؤس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حملے میں نثار احمد کے ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ گورنر بدخشاں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم، وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مولوی نثار احمد کے پاس گورنر کا عارضی عہدہ تھا۔ اور اس کے ساتھ وہ ڈپٹی گورنر کے فرائض بھی سرانجام دے رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا ہے کہ آیا کسی بارود سے بھری گاڑی نے انہیں نشانہ بنایا یا بم کو ان کی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔ تاہم، ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے گورنر بدخشاں پر حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

پاکستان