اہم ترین

الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی بل منظور، صدر کے اختیارات میں ختم

 سینیٹ  میں الیکشن ایکٹ 2017 کا ترمیمی بل منظور کرلیا گیا ہے جس کی رو سے نااہلی کی مدت 5 سال کرنے اور صدر کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار ختم کردیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت  ہونے والے اجلاس میں وزیر مملکت شہادت اعوان نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کا بل پیش کیا جس کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ 

الیکشن ایکٹ کی شق 57 میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی پروگرام میں ترمیم کرتے ہوئے نئے شیڈول کا اجراء اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرسکے گا۔

جب کہ بل کے متن کے مطابق آئین میں جس جرم کی مدت سزا متعین نہیں، اس میں نااہلی پانچ برس سے زیادہ نہیں ہوگی۔اہلیت اور نااہلی کا طریقہ کار، طریقہ اور مدت ایسی ہو جیسا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں فراہم کیا گیا ہے اور جہاں آئین میں اس کے لیے کوئی طریقہ کار، طریقہ یا مدت فراہم نہیں کی گئی ہے، اس ایکٹ کی دفعات لاگو ہوں گی۔

مذکورہ بل کے مطابق سپریم کورٹ، ہائی کورٹ یا کسی بھی عدالتی فیصلے، آرڈر یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے پانچ سال کے لیے نااہل ہو سکے گا۔اجلاس میں الیکشن ایکٹ 2017  ترمیمی بل کی پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی جانب سے مخالفت کی گئی۔

پاکستان