وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان میں اسلامی مالیات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آج شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں سود پر مبنی مالیاتی نظام کو بتدریج ختم کرتے ہوئے اسلامی مالیاتی نظام کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزارت خزانہ کے ماتحت ادارے قومی بچت کی جانب سے سرمایہ کاری کے شرعی اصولوں پر مبنی مصنوعات کی افتتاحی اسحاق ڈار نے کہا، “حکومت سود سے پاک اسلامی مالیاتی نظام کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔”
اور حالیہ برسوں میں اسلامی بینکاری میں زبردست ترقی ہوئی ہے اور اس وقت ملک کے بینک کاری نظام میں اس کا 21 فیصد حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مصنوعات یکم جولائی سے دست یاب ہوں گی۔ جن میں چار پراڈکٹس سیونگ اکاؤنٹس اور ٹرم اکاؤنٹس ایک، تین اور 5 سالہ مدت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار قومی بچت کی جانب سے شریعت کے مطابق مصنوعات متعارف کروائی جارہی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ آنے والے سالوں میں انہیں فروغ حاصل ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے بینک کاری نظام کو راتوں رات یا مختصروقت میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، ایسے سنجیدہ اقدامات ہمیں سود سے پاک، اسلامی مالیاتی نظام کی طرف بڑھنے میں مدد فراہم کریں گے۔”
اسحاق ڈار نے کہا کہ شریعت کے مطابق مصنوعات حالیہ بجٹ میں کیے گئے اعلانات میں سے ایک ہیں۔ اور حکومت اسی طرح بجٹ میں اعلان کردہ اپنے تمام وعدے پورے کرے گی۔