اہم ترین

کرکٹ ورلڈ کپ؛ پاک بھارت ٹاکرا احمد آباد ہوگا

پاکستان کا مقابلہ 15 اکتوبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت سے ہوگا لیکن پی سی بی سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے میچ کے مقام میں تبدیلی چاہتا ہے۔

ایونٹ کے آغاز سے سو دن قبل یعنی آج کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

کرکٹ ورلڈکپ شیڈول پہلے ہی وائرل ہو چکا ہے جس کے مطابق کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کا افتتاحی میچ 5 اکتوبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کرکٹ ورلڈکپ شیڈول 2023ء، پاکستان کے میچز

شیڈول کے مطابق، پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف حیدرآباد میں کھیلے گا اور 12 اکتوبر کو ایک اور کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔

پاکستان کا مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں بھارت سے ہوگا، اس کے بعد 20 اکتوبر کو بینگلورو میں آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان سے مقابلہ ہوگا۔ اگلے میچز میں 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش، 5 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 12 نومبر کو انگلینڈ سے کولکتہ میں مقابلے ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طاقتور اسپن اٹیک کی وجہ سے پاکستان افغانستان کا سامنا چنئی میں کرنے پر ناخوش ہے، جب کہ آسٹریلیا کے خلاف شارٹ باؤنڈری اور ان کی طاقتور ہٹ لگانے کی صلاحیت کی وجہ سے بنگلورو میں کھیلنے کو ترجیح نہیں دیتا۔

سیمی فائنل اور فائنل کے مقامات کے طور پر ممبئی، چنئی اور احمد آباد کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ورلڈ کپ کے مکمل شیڈول کا اعلان 27 جون کو کیا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم بھارت میں ورلڈ کپ کھیلے گی یا نہیں اس پر اب بھی سوالیہ نشان موجود ہے۔ اگرچہ امکان ہے کہ پاکستان کی شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت پاکستان ہی کرے گی۔

پاکستان کا مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت سے ہوگا لیکن پی سی بی سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے میچ کو احمد آباد سے باہر منتقل کرنا چاہتا ہے۔

تاہم، بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کی جانب سے پاکستان کے مطالبات کو تسلیم کرنے کا امکان نہیں ہے۔  جب کہ پاکستان چنئی میں افغانستان اور بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف میچوں کے مقامات میں بھی تبدیلی چاہتا ہے۔

پاکستان