اہم ترین

آئی ایم ایف معاہدے سے مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں، وزیر اعظم

آئی ایم ایف نے اسٹینڈ  بائی ارینجمنٹ معاہدے کے تحت پاکستان کو تین ارب ڈالر  قرض دینے کا اعلان کردیا ہے ، تاہم،  اس معاہدے سے مہنگائی سے تنگ عوام کی مشکلات میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

اس بات کی تصدیق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف معاہدے پر آج لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں بھی کی گئی ہے۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں ہونے والی  اس پریس کانفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  آئی ایم  ایف سے قرض بہت مجبوری میں لیا ہے اور یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ اس معاہدے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں تو بہتری آئے گی لیکن مہنگائی میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ کی جانے والی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا پڑے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا  کہ 2018ء میں  جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو ہماری ترقی کی شرح 6 اعشاریہ 2 فیصد تھی، سی پیک کا منصوبہ تھا، ملک بھر میں سڑکوں کا جال چھا دیا گیا تھا اور ملک  ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن پھر ایک سلیکٹڈ وزیر اعظم  کے آنے سے ملکی تباہی کا آغاز ہوا۔

بین الاقوامی اداروں کا ہم پر سے بھروسہ ختم ہونا شروع ہوگیا۔  کورونا کے دور میں گیس تین ڈالر پر  آگئی تھی ، لیکن معاہد ہ نہیں کیا گیا تاہم، اب آذر بائیجان سے سستی گیس کی  فراہمی کا معاہدہ ہوچکا ہے۔

پاکستان