بالی وڈ اسٹار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کو گو کہ زیادہ عرصہ نہیں گذرا، مگر سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک سالوں پرانی ویڈیو نے انہیں پھر ہیڈ لائن میں لاکھڑا کیا ہے۔
امتیاز علی کی فلم ہائی وے کی تشہیر کے دوران رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی ایک پرانی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد انٹرنیٹ صارفین کے ملے جلے ردعمل سامنے آرہے ہیں۔
بالی وڈ کی پسندیدہ جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور گزشتہ سال اپنی سرپرائز شادی کے بعد سے کافی خبروں میں ہیں۔ لیکن حال ہی میں 2014 کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ رنبیر کپور عالیہ کو چائے فروش سے معافی مانگنے کو کہتے ہیں۔ اس ویڈیو کو انٹرنیٹ پر لوگوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا سامنا ہے۔
اگرچہ عالیہ اور رنبیر بہت مشہور ہیں لیکن وہ اکثر تنازعات کا مرکز بنے رہتے ہیں اور ان کی باتوں پر تنقید کی جاتی ہے۔ یہ پرانی ویڈیو اس وقت کافی توجہ حاصل کر رہی ہے، اس کے ساتھ یہ افواہیں بھی ہیں کہ وہ نئی فلم ‘رامائن’ میں بھگوان رام اور دیوی سیتا کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
عالیہ بھٹ کی معروف ہدایت کار امتیاز علی کے ساتھ پہلی فلم رومانوی فلم ‘ہائی وے’ تھی، جو 2014 میں ریلیز ہوئی تھی۔ رنبیر کپور اور امتیاز علی اس سے قبل کامیاب فلم ‘راک اسٹار’ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے ‘ہائی وے’ کے بارے میں بات کی اور جو کچھ انہوں نے کہا اس کا ایک ٹکڑا سوشل میڈیا پر ایک بار پھر گردش کر رہا ہے۔
اس ویڈیو کلپ میں رنبیر اور عالیہ سڑک کنارے چائے بیچنے والے سے چائے لیتے اور کاغذ کے کپ میں چائے پیتے نظر آ رہے ہیں۔ عالیہ اپنی چائے ختم کرنے کے بعد استعمال شدہ کپ کو صاف کپوں کے پاس پھینکنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن رنبیر انہیں روکتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اسے صاف کپوں کے پاس نہیں پھینکنا چاہیے۔ اس کے بعد رنبیر نے عالیہ سے کہا کہ وہ چائے بیچنے والے سے معافی مانگیں۔