اہم ترین

گورنر سندھ نےکم آمدن والے افراد کے لیے صحت کارڈ جاری کردیے

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے عیدالاضحی کے تیسرے روز کم آمدنی والے افراد کے لیے مفت ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا۔

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے عیدالاضحی کے تیسرے روز ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو 50 لاکھ روپے تک کا ہیلتھ انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحی کے بعد ان تمام لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے جن کی آمدن 30 ہزار سے 40 ہزار روپے تک ہے۔

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری کے مطابق یہ ہیلتھ کارڈ مخیر حضرات کے تعاون سے جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ہیلتھ کارڈز کے ذریعے عام لوگ بھی اچھے ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیں مفت حاصل کر سکیں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفاقی حکومت نے اس سال کے بجٹ میں ورکنگ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی ہیلتھ انشورنس کے لیے بھی ایک ارب روپے مختص کیے تھے۔ ٹوئٹر پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ورکنگ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ہیلتھ انشورنس کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید لکھا تھا کہ، “یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پہلی بار ورکنگ صحافیوں کے ہیلتھ انشورنس کے لیے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔” انہوں نے اس “انتہائی اہم اقدام” کے لیے فنڈز مختص کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات کی حیثیت سے یہ ان کے مقاصد میں سے ایک تھا کہ وہ کام کرنے والے صحافیوں کے لیے اس سہولت کا بندوبست کر سکیں، خاص طور پر ایسے حالات میں کہ جب ملک معاشی طور پر ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔

پاکستان