چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس پاکستان بننے کے بعد سپرییم کورٹ کے رجسٹرار کو تبدیل کردیا گیا ہے۔۔ اس کے ساتھ ہی سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کے ممبران میں تبدیلی ہوئی ہے۔
چیف جسٹس اور دیگر دو سینیئر ترین جج سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہوتے ہیں۔ عمر عطا بندیال کی ریائرمنٹ کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کونسل کے سربراہ بن گئے ہیں جب کہ ان کی جگہ اب جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہوگئے ہیں۔
اسی طرح اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کی منظوری دینے والے سپریم جوڈیشل کمیشن کی سربراہی بھی اب جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مل گئی ہے۔ جس کے بعد اب کمیشن میں جسٹس سردار طارق، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور کے ساتھ ان کی جگہ جسٹس منیب اختر آگئے ہیں۔
دوسری جانب رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس اہم عہدے پر پہلی مرتبہ ایک خاتون جزیلہ اسلم کو تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈاکٹر مشتاق احمد کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا سیکریٹری جب کہ عبدالصادق کو چیف جسٹس کا چیف آف اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے آج چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔