اہم ترین

سری لنکا کو بدترین شکست، بھارت آٹھویں مرتبہ ایشین چیمپئین بن گیا

ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو بدترین شکست سے دوچار کرکے آٹھویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم سولہویں اوور میں صرف 50 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 6 ، ہاردک پانڈیا نے 3 جب کہ جسپریت بمرا نے ایک وکٹ لی۔

سری لنکا کا کوئی کھلاڑی کریز پر ٹک نہ سکا۔ 5 کھلاڑی تو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ کوشال مینڈس نے سب سے زیادہ 17 رنز بنائے۔ جب کہ دوشانت ہیمانتھا نے 13 رنز کی باری کھیلی۔

جواب میں بھارت نے ساتویں اوور میں ہی کوئی وکٹ گنوائے بغیر ہدف پورا کرلیا۔ کپتان روہت شرما بیٹنگ کے لیے نہیں آئے ان کی جگہ شمبھمن گل کا ساتھ نبھانے ایشان کشن کو اتارا گیا ۔ شبمن گل 28 اور ایشان کشن 23 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ایشیا کپ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے اپنے مدمقابل کو 10 وکٹوں سے ہرایا ہے۔ اب تک کھیلے گئے 16 ایشیا کپ میں بھارت سب سے زیادہ 8 مرتبہ کا فاتح بنا ہے۔ سری لنکا نے 6 جب کہ بنگلا دیش نے 2 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

روہت شرما کی کپتانی میں پہلی مرتبہ بھارتی ٹیم نے کوئی بڑا ایونٹ اپنے نام کیا ہے۔

پاکستان