برصغیر پاک و ہند میں ناشتے میں چنے کی ترکاری کا استعمال تو عام ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں صبح ابلے ہوئے کالے چنے کھانے کے بھی بہت سے فائدے ہیں۔ ابلے ہوئے چنے میں پروٹین، آئرن، وٹامن اے، وٹامن بی، وٹامن سی، فائبر، پوٹاشیم، میگنیشیم اور فاسفورس جیسے عناصر پائے جاتے ہیں جو کہ جسم کو صحت سے متعلق کئی مسائل سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔۔
ہاضمہ کرے بہتر
ابلے ہوئے کالے چنے میں فائبر پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے اور نظام ہاضمہ کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے استعمال سے آپ قبض اور بدہضمی جیسے مسائل سے دور رہ سکتے ہیں۔
دل رکھے توانا
ابلے ہوئے کالے چنے اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔
قوت بخش خوراک
کالا چنا پروٹین اور آئرن جیسے عناصر سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم میں توانائی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
قوت مدافعت میں اضافہ
ابلا ہوا چنا غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم کی قوت مدافعت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مضبوط قوت مدافعت جسم کو انفیکشن اور وائرس سے بچانے میں مدد دے سکتی ہے۔