اہم ترین

دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کہتے ہیں کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور انھیں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشت گرد حملوں پربریفنگ دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نےدھماکے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ یہ دہشت گرد اوران کے سہولت کارپاکستان اوراس کے عوام کے دشمن ہیں۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی عوام امن، معاشی و انسانی ترقی کے لیے مکمل پرُعزم ہیں، اسی لیے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتیں بہت زیادہ تکلیف میں ہیں۔

پاکستان