اہم ترین

شاہین پاکستانی شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بے چین

فاسٹ بولر شاہین ۤفریدی کہتے ہیں کہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو پاکستانی شائقین کی توقعات کا اندازہ ہے اور ہم سب ان توقعات کو پورا کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے نشر ہونے والے انٹرویو میں شاہین آفریدی نے کہا ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہراسکتی ہے،اس لئے آپ کسی طور بھی اطمینان سے نہیں بیٹھ سکتے۔ افغانستان اچھا کھیل رہی ہے اور حالیہ ایونٹ نے اس نے انگلینڈ کو ہرایا ہے۔ ہمیں اس کے خلاف اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔

بھارت اور آسٹریلیا سے ہار پر شاہین آفریدی نے کہا کہ ہمیں اپنی ہار کو تسلیم کرنا چاہیے لیکن ٹیم کے لیے بہتر ہوگا کہ ہم اس سے سیکھیں۔ مسلسل دو میچز ہارنے کے باوجود ہم ابھی ٹورنامنٹ میں موجود ہیں۔ آنے والے دو میچز ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔

بحیثیت بولر انہوں نے کہا کہ بھارت میں گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہوتی۔ اس لئے بولر کے لیے ضروری ہے کہ وہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو جائے۔ ہمیں مڈل اوورز کے بعد کے مرحلے میں ریورس سوئنگ پر توجہ رکھنا ہو گی۔

قومی کھلاڑیوں کی خراب فیلڈنگ پر شاہین آفریدی نے کہا کہ کیچ کا ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، کھیل کے دوران اصل چیز کوشش کرنا ہے۔ایسی وکٹ جہاں بولر کے لیے زیادہ مدد نہ ملتی ہو وہاں اچھی فیلڈنگ بھی ٹیم کے حوصلے بلند رکھتی ہے۔

پاکستان