معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کا خانیوال کے قریب گولی لگنے سے انتقال ہوگیا ہے۔۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عاصم جمیل کو زخمی حالت میں خانیوال کی تحصیل میاں چنوں کے تلمبہ رورل ہیلتھ سینٹر لایا گیا تھا۔ ان کے سینے میں گولی لگی تھی۔
اب تک یہ واضح نہیں کہ عاصم جمیل کو گولی کیسے لگی۔ نیوز ویب سائیٹ اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تلمبہ رورل ہیلتھ سینٹر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر آصف نے عاصم جمیل کی موت کی تصدیق کی۔
ڈاکٹر آصف کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کے اہل خانہ واقعے کی تفصیلات سے نہیں بتارہے۔ ورثا پوسٹ مارٹم بھی نہیں کرانا چاہتے۔ اس لئے ہم صرف یہ کہہ سکتے ہیں کہ عاصم جمیل کا انتقال سینے میں گولی لگنے سے ہوا ہے۔
دوسری جانب مولانا طارق جمیل نے ایکس (ٹوئٹر) پر بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے حادثاتی موت قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’انا للہ وانا الیہ راجعون، آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے. اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔
مولانا طارق جمیل نے عوام سے گزارش کی ہے کہ اس غم کے موقع پر انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں. اللہ ہمارے بیٹے کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ، صوبائی وزرائے اعلٰی، وفاقی و صوبائی کابینہ کے وزرا اور اہم سیاسی شخصیات نے واقعے پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے. انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مولانا طارق جمیل سمیت دیگر لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے.