اہم ترین

کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیر اعظم بنوانے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیر اعظم بنوانے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں۔۔

ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فیصلے کہیں اور کیوں ہوتے ہیں؟ پیچھے بیٹھ کر وزیراعظم کا فیصلہ کرلیا جاتا ہے، ہمیں کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ راج قبول نہیں، عوام کا فیصلہ عوام کو ہی کرنے دیا جائے۔

عمران خان سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا ان سے ایک ہی مسئلہ تھا کہ عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے ۔ جسے بھی عوام منتخب کریں، ہماری سر آنکھوں پر ہے۔ خان صاحب سے جھگڑا یہی تھا کہ میرے لوگوں کو فون کرنا چھوڑ دیں۔

نواز شریف اور شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ستر سال کے بابے ہمیں کیا دے سکتے ہیں، کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے، مجھے موقع دیں، مجھے وزیراعظم بنایا تو عوام کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے، ہمیں نئی سیاست کے ساتھ نئی قیادت کی ضرورت ہے، باہمی لڑائیاں چلتی رہی تو عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس کے لئے ہمیں پرانی سیاست اور پرانے سیاستدانوں کو گھر بیٹھانا ہوگا۔

پاکستان