اہم ترین

آئندہ انتخابات میں کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یوٹرن لینا لیڈر کی نہیں بزدل کی نشانی ہوتی ہے۔

پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا ،وہ نہ تو ووٹ کی عزت کرتے ہیں اور نہ ان کو حکومت کرنا آتی ہے، وہ اب مہنگائی لیگ بن چکے ہیں۔

مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم کی دیگر ججماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ اپنی 16ماہ کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہیں، یہ مہینے مشکل تو تھے، مگر میں اپنی کارکردگی پر فخر کرتا ہوں، میں اسی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑنے کو تیار ہوں، میرے ساتھ کابینہ کا حصہ بننے والے کیا اپنی کارکردگی پر الیکشن لڑنے کو تیار ہیں؟۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کبھی بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، لیکن ہم اس کے عادی ہو چکے ہیں۔اب ایک بار پھر ملک میں انتخابات کا میدان سجنے والا ہے۔ ہم تیر کے نشان پر جیتیں گے اور اقتدار میں آکر ملک کی خدمت کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آج بھی کوئی سمجھتا ہے وہ زبردستی کسی کو وزیراعظم بنا سکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے، ہم آئندہ انتخابات میں کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

پاکستان